بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بیٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پشاور زلمی کے کپتان نے یہ اعزاز پی ایس ایل 11 کے ایک اہم میچ میں کراچی کنگز کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے حاصل کیا جہاں وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے یہ سنگ میل محض 338 اننگز میں عبور کیا جبکہ اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 343 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
اس فہرست میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی 360 اننگز کے ساتھ تیسرے اور آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر 368 اننگز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
بابر اعظم 12 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے دوسرے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں ان سے قبل صرف شعیب ملک یہ اعزاز حاصل کر پائے ہیں جن کے کل رنز کی تعداد 13 ہزار 571 ہے۔
بابر اعظم کی اس غیر معمولی کارکردگی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ریکارڈز کے بادشاہ ہیں اور ان کی اس کامیابی پر دنیا بھر کے کرکٹ شائقین انہیں مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔





