ہاکی ٹیم کے غیر ملکی دوروں کی راہ ہموار، حکومت نے فنڈز منظور کر لیے

حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیئم (پرو لیگ) کے لیے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے فنڈز جاری کرنے کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق فنڈز کی فراہمی سے قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کا اہم موقع ملے گا  جبکہ فیڈریشن نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ تمام فنڈز اور وسائل کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کا وقار بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور قومی کھلاڑی ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ دورے کے تفصیلی شیڈول اور میچوں کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر اور سینئر ٹیموں کے ٹرائلز اور ٹریننگ کیمپس کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

ایڈہاک صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچز ملک کے مختلف بڑے شہروں میں ٹرائلز لیں گے تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکے۔

انڈر 18 ٹیم کے اوپن ٹرائلز 20 اور 21 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہوں گے جبکہ لاہور میں یہ ٹرائلز 16 اپریل کو ہوں گے، اسی طرح قومی سینئر ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے لیے ٹرائلز بھی ملک کے مختلف شہروں میں لیے جائیں گے۔

کراچی کے عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں 13 اپریل کو ٹرائلز ہوں گے، لاہور میں 15 اپریل اور پشاور میں 23 اپریل کو اوپن ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے۔ سینئر ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم مئی سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔

پی ایچ ایف نے مزید بتایا کہ سابق قومی ٹیم اور اسٹینڈ بائی کے 28 کھلاڑیوں کو ٹرائلز سے استثنیٰ حاصل ہوگا، محی الدین وانی کے مطابق یہ تمام اقدامات پاکستان ہاکی کے مستقبل کو مضبوط بنانے اور قومی کھیل کو نئی سمت دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top