امریکی جریدے بلومبرگ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بھارت کی سفارتی تنہائی کو نمایاں کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال نے پاکستان کی اہمیت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے پاکستان ایک اہم کردار کے طور پر سامنے آیا ہے جبکہ بھارت اس پیش رفت کو محض دیکھتا رہ گیا۔
بلومبرگ نے اس عمل کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے، جس کے ذریعے پاکستان نے نہ صرف دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا بلکہ خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو بھی تقویت دی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی مؤثر سفارت کاری کے باعث عالمی سطح پر اس کی ساکھ اور وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
مختلف ممالک کی جانب سے پاکستان کے لیے خیر سگالی کے پیغامات بھی سامنے آ رہے ہیں، جو اس کی مثبت عالمی شبیہ کی عکاسی کرتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی یہ پیش رفت خطے میں طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے اور مستقبل میں اسے ایک اہم سفارتی مرکز کے طور پر مزید مستحکم کر سکتی ہے۔





