محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے صوبے بھر کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کے لیے 66 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ فنڈز مالی سال 2025-26 کی چوتھی سہ ماہی (اپریل تا جون) کے لیے فراہم کیے گئے ہیں، جن سے صوبے کے 100 سے زائد ٹی ایم ایز مستفید ہوں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پشاور سٹی ٹی ایم اے کو سب سے زیادہ 8 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد جاری کیے گئے، جبکہ مردان ٹی ایم اے کو 3 کروڑ 88 لاکھ روپے اور کوہاٹ ٹی ایم اے کے لیے 2 کروڑ 59 لاکھ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہاکی ٹیم کے غیر ملکی دوروں کی راہ ہموار، حکومت نے فنڈز منظور کر لیے
ہری پور، چارسدہ، نوشہرہ اور دیگر اضلاع کی ٹی ایم ایز کو بھی کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ فنڈز ٹی ایم ایز کے جاری اخراجات، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوں گے۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ فنڈز کے اجرا میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے، جبکہ کمزور مالی پوزیشن رکھنے والی ٹی ایم ایز کے لیے خصوصی گرانٹ بھی شامل کی گئی ہے۔
محکمہ بلدیات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹی ایم ایز کی مالی ضروریات کا ازسرنو جائزہ لے، جبکہ اضافی فنڈز کی منظوری سے قبل اسکرونٹی کمیٹی متعلقہ اداروں کی مالی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے گی۔





