اسلام آباد میں جاری امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایران نے اختلافات کے باوجود مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی حکومت کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض اختلافات باقی ہونے کے باوجود بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات تقریباً 14 گھنٹے تک جاری رہے، جن میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے یہ مذاکرات اپنے ایک مرحلے کے بعد اختتام پذیر ہو گئے ہیں، تاہم دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں اس وقت دستاویزات کے تبادلے میں مصروف ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ باقی رہ جانے والے اختلافات کے باوجود مذاکرات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
ادھر ایرانی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھی ہے۔
مذاکرات سے قبل دونوں ممالک کے وفود نے وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی اور عالمی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔





