وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا پشاور بس ٹرمینل کا دورہ، جون تک تکمیل کا ہدف مقرر

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے زیر تعمیر پشاور بس ٹرمینل کا دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس دوران صوبائی کابینہ کے اراکین ارشد ایوب خان، رنگیز احمد اور بیرسٹر محمد علی سیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بریفنگ کے مطابق، بس ٹرمینل کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبے کی مکمل تکمیل جون تک متوقع ہے۔ یہ منصوبہ 323 کنال رقبے پر بنایا جا رہا ہے، اور اس کی کل لاگت 3.67 ارب روپے ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بس ٹرمینل میں جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں مسجد، کار پارکنگ، ریسٹ ایریاز، جدید واش رومز، سولر سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمرے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا اور پشاور شہر میں ٹریفک مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد اس جدید بس ٹرمینل کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاق اپریل تک نیا این ایف سی ایوارڈ دے ورنہ مئی میں سرپرائز دینگے: علی امین گنڈا پور کی دھمکی

Scroll to Top