اسلام آباد: وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ملکی مجموعی حالات اور خاص طور پر خیبرپختونخوا کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک سالہ بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی اور خیبرپختونخوا کے دورے کی دعوت دی، جسے وزیراعظم نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عید کے بعد انشآء اللہ خیبرپختونخوا آئیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انجینئر امیر مقام کی وفاداری اور جرات کو سراہا، خاص طور پر ان کی پارٹی اور قیادت کا مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دینے، ثابت قدم رہنے اور 2013 سے لے کر آج تک پی ٹی آئی کے بدترین ادوار میں ڈٹ کر کھڑے رہنے پر ان کی خدمات کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اپنے مخلص اور وفادار رہنماؤں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔