سوات میں کار چوروں کا منظم گروہ سرگرم، پولیس بے بس

نوید شہزاد
سوات: ضلع بھر میں کار چوری کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تین گاڑیاں اور درجن بھر موٹر سائیکل چوری کرلی گئیں، جبکہ پولیس صرف رپورٹس درج کرنے تک محدود ہے۔

تازہ ترین واقعہ تحصیل چار باغ کے علاقے گلی باغ میں پیش آیا، جہاں ایک گیراج سے نان کسٹم پیڈ موٹر کار چوری ہوگئی۔ متاثرہ شہری نے پولیس اسٹیشن چار باغ میں رپورٹ درج کروا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اس ہفتے بلوگرام کے رہائشی رحیم اللہ کی گاڑی، مینگورہ وتکے سے ایک اور کار جبکہ گلی باغ میں تیسری گاڑی چوری ہوئی۔ ان وارداتوں کے پیچھے ایک منظم چور گروہ کا ہاتھ بتایا جا رہا ہے، جو پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں کو پکڑنے میں ناکام ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے عوام اپنی قیمتی گاڑیوں کی چوکیداری خود کرنے پر مجبور ہیں۔ عوامی حلقوں نے حکومت اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس چور گروہ کو بے نقاب کرکے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

یہ بھی پڑھیں: مردان پولیس نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی، 172 اشتہاری گرفتار

Scroll to Top