شانگلہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب جنرل سیکریٹری اور سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار متوکل خان جمعہ کے روز شنگلہ کے علاقے سنگڑائی میں ایک حادثے میں جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق متوکل خان فاتحہ خوانی سے واپس آ رہے تھے کہ گاڑی کے بریک فیل ہوگئی، جس کے نتیجے میں انکی جیپ گہری کھائی میں جاگری اور متوکل خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ متوکل خان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا جسے علاج کے لیے قریبی صحت مرکز، کرورہ منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف کھڑی رہی، حسین بابک
پولیس کے مطابق متوکل خان کی لاش ان کے آبائی علاقے برکانہ، شانگلہ روانہ کر دی گئی۔
متوکل خان عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب جنرل سیکریٹری کے علاوہ ضلعی جنرل سیکریٹری کے عہدے پر بھی فائز رہے تھے اور وہ کئی بار قومی اسمبلی کے انتخابات میں کوہستان ویلفیئر پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لے چکے تھے۔
انجینئر امیر مقام کا اظہار تعزیت
وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سینئر رہنما متوکل خان ایڈوکیٹ کے المناک حادثے میں وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ متوکل خان ایڈوکیٹ ایک انتہائی مخلص اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت تھے۔ ان کی ناگہانی وفات سے سیاست اور سماج کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے مرحوم کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں و کارکنان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔
انہوں نے حادثے میں زخمی ڈرائیور کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔