پشاور میں خیبرپختونخوا حکومت نے زمینداروں سے 2 لاکھ 25 ہزار ٹن گندم خریدنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق یہ گندم صوبے کے کاشتکاروں سے مقررہ نرخ پر خریدی جائے گی۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے بتایا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے زمینداروں سے گندم خریدنے کا عمل شروع کر رہی ہے۔ ان کے مطابق 2 لاکھ 25 ہزار ٹن گندم 3500 روپے فی من کے حساب سے خریدی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ زمینداروں کو گندم کی قیمت مال سپلائی کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ادا کر دی جائے گی تاکہ کسانوں کو فوری مالی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب صوبے کی مجموعی صورتحال پر ہونے والے ایک اجلاس میں امن و امان، گیس کی بندش اور آٹے کے بحران جیسے اہم مسائل زیر غور آئے، جس میں حکومت، اپوزیشن اور گورنر خیبرپختونخوا نے ایک ہی مؤقف اختیار کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل افریدی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صوبے میں گیس کی بندش اور آٹے کے بحران نے عوامی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملالہ یوسفزئی کا پاکستان کے مستقبل پر اہم بیان
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاق کی جانب سے صوبے کو اس کے آئینی حقوق نہیں دیے جا رہے۔
حکام کے مطابق حکومت کی جانب سے گندم خریداری کا یہ فیصلہ زرعی شعبے کو سہارا دینے اور کاشتکاروں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔





