اسلام آباد: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی رہائشگاہ پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا ثناءاللہ، امیر مقام، سردار محمد یوسف، خواجہ سعد رفیق اور مرتضیٰ جاوید عباسی شریک ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، جنرل سیکرٹری شجاع خانزادہ اور رکن اسمبلی احمد کریم کنڈی نے کی۔
اجلاس وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی، معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے میں پائیدار امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ ہم خیال سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر کے مشاورت کا دائرہ وسیع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبر پختونخوا نے بجلی و گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیراعظم کو خط لکھ دیا
اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشتگردی کے خاتمے میں کردار پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کی قربانیوں کو سراہا گیا۔ شرکاء نے خیبر پختونخوا میں بدامنی پر صوبائی حکومت کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملات پر مستقل مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔