جیو نیوز حساس ڈاکومنٹری معاملہ، پیمرا نے اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کر لیا

لاہور: پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے جیو نیوز کی دس محرم الحرام کی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی سے متعلق معاملہ مزید رہنمائی کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا ہے۔

یہ فیصلہ 30 جون کو لاہور میں ہونے والے پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں پیمرا اتھارٹی کی جانب سے جیو نیوز کے خلاف بھیجا گیا معاملہ زیر غور آیا۔

اجلاس میں کونسل نے طے کیا کہ پیمرا اتھارٹی کو اپنی حتمی سفارشات اور تجاویز ارسال کرنے سے قبل اسلامی نظریاتی کونسل سے اس معاملے پر شرعی اور آئینی رہنمائی حاصل کی جائے۔

اس مقصد کے لیے کونسل نے اسلامی نظریاتی کونسل سے باضابطہ رائے طلب کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر جواب دینے کی درخواست کی ہے۔

کونسل آف کمپلینٹس نے اسلامی نظریاتی کونسل سے استفسار کیا ہے کہ آیا جیو نیوز کے خلاف پہلے سے جاری لائسنس کی معطلی، ادارے کی جانب سے پیش کی گئی عوامی معذرت اور اب تک کیے گئے اقدامات اس معاملے میں کافی اور مناسب تصور کیے جا سکتے ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔

اجلاس کے دوران جیو نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے قانونی مشیروں کے ہمراہ کونسل کے سامنے پیش ہوئے۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور جیو نیوز کی نشریات کی معطلی ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔

کونسل آف کمپلینٹس نے قرار دیا کہ معاملہ مذہبی جذبات سے متعلق ہونے کے باعث انتہائی حساس نوعیت کا ہے، اس لیے آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 اور اسلامی تعلیمات دونوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی لینا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اٹک میں طوفانی بارش کی تباہی، دو مختلف حادثات نے تین زندگیاں چھین لیں

آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 کے مطابق ہر شہری کو اظہارِ رائے اور آزادیِ صحافت کا حق حاصل ہے، تاہم یہ آزادی قانون کے تحت ان معقول پابندیوں کی پابند ہے جو اسلام کی عظمت، ملکی سلامتی، اخلاقیات اور دیگر آئینی تقاضوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہوں۔

اسی تناظر میں کونسل آف کمپلینٹس نے اسلامی نظریاتی کونسل سے یہ بھی دریافت کیا ہے کہ اگر موجودہ اقدامات ناکافی تصور کیے جائیں تو اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں مزید کس نوعیت کی کارروائی مناسب ہوگی۔

ایک انتہائی دانشمندانہ اقدام کے تحت، پیمرا (PEMRA) کونسل آف کمپلینٹس (شکایات کونسل) نے جیو ٹی وی پر مذہبی طور پر حساس اور قابلِ اعتراض مواد نشر کیے جانے کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی طلب کی ہے، جو کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء پر مشتمل ایک آئینی ادارہ ہے۔ اس حساس مسئلے سے نمٹنے اور ایک معقول و منطقی نتیجے تک پہنچنے کے لیے، مختلف اداروں کے مابین خیالات اور آراء کا یہ شفاف تبادلہ ایک غیر معمولی اور انتہائی قابلِ تحسین قدم ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی رائے سات روز کے اندر، یعنی 8 جولائی 2026 تک، پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کو ارسال کرے تاکہ اس کی روشنی میں آئندہ کارروائی سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top