اٹک میں طوفانی بارش کی تباہی، دو مختلف حادثات نے تین زندگیاں چھین لیں

اٹک: ضلع اٹک میں ہونے والی شدید طوفانی بارش نے دو مختلف مقامات پر افسوسناک حادثات کو جنم دیا، جن کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ پانچ بچے زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اٹک منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ریسکیو کے مطابق پہلا واقعہ بوٹا گاؤں میں پیش آیا، جہاں مسلسل بارش کے باعث ایک مکان کی دیوار گر گئی۔ حادثے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ تین بچے زخمی ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، ملبہ ہٹا کر جاں بحق افراد اور زخمی بچوں کو نکالا اور اسپتال منتقل کیا۔

دوسرا واقعہ اٹک کے نواحی علاقے شیں باغ کلاں (پارا شیں باغ) میں پیش آیا، جہاں موسلادھار بارش کے دوران ایک رہائشی مکان کی کچی چھت منہدم ہو گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دب کر 38 سالہ خاتون، زوجہ عبادت شاہ، موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ان کے 6 سالہ بیٹے مجید شاہ اور 14 سالہ بیٹے حفیظ شاہ زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ، نیا نوٹیفکیشن جاری

ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی لاش اور زخمی بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اٹک منتقل کیا۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد خاتون کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، جبکہ زخمی بچوں کا علاج جاری ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث کچے اور خستہ حال مکانات شدید خطرے سے دوچار ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی اور حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top