غربت برقرار، مگر دنیا میں کروڑ پتی افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

دنیا بھر میں جہاں کروڑوں افراد غربت اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، وہیں عالمی سطح پر دولت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 10 لاکھ افراد پہلی بار امریکی ڈالر کے حساب سے کروڑ پتی بن گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوئس بینک یو بی ایس (UBS) کی سالانہ گلوبل ویلتھ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2025 کے دوران دنیا بھر میں افراد کی ذاتی دولت میں 10.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ 2024 میں یہ شرح 4.6 فیصد اور 2023 میں 4.2 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق نئے کروڑ پتی بننے والوں میں سب سے زیادہ تعداد امریکا کی رہی، جہاں 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد پہلی بار امریکی ڈالر میں کروڑ پتی بنے۔ یہ تعداد دنیا بھر میں نئے کروڑ پتی بننے والے افراد کی مجموعی تعداد کا تقریباً نصف بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس میں مستقل امریکی سفارتخانہ تعمیر کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپ میں بھی امریکی ڈالر کے لحاظ سے دولت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی ایک بڑی وجہ گزشتہ سال یورو کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی رہی۔

اگرچہ عالمی سطح پر اوسط دولت میں اضافہ ہوا، تاہم رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ 2020 کے بعد سے دولت کی غیر مساوی تقسیم مزید بڑھ گئی ہے، جس کے باعث امیر اور غریب کے درمیان معاشی فرق پہلے سے زیادہ وسیع ہو گیا ہے۔

یو بی ایس کی اس سالانہ رپورٹ کے لیے دنیا کے 56 ممالک کا تجزیہ کیا گیا، جو بینک کے اندازے کے مطابق عالمی دولت کے 92 فیصد سے زائد حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

Scroll to Top