موبائل ٹیکس اقساط میں ادائیگی کا نوٹیفکیشن جعلی ہے، پی ٹی اے کی وضاحت

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس نوٹیفکیشن کو مکمل طور پر جعلی اور گمراہ کن قرار دے دیا ہےجس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ موبائل ڈیوائسز پر عائد ٹیکس اب اقساط میں ادا کیا جا سکتا ہے۔

اتھارٹی نے دوٹوک الفاظ میں وضاحت کی ہے کہ اس کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، اس لیے عوام ایسی غیر مصدقہ معلومات پر بالکل یقین نہ کریں۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق موبائل ڈیوائسز پر ٹیکس اور ڈیوٹیز کا تعین، نفاذ اور ان کی وصولی مکمل طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ پی ٹی اے کا ان ٹیکسوں کے تعین، اعلان یا وصولی کے عمل سے سرے سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس لیے اقساط سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں۔

نوٹیفکیشن کی حقیقت واضح کرتے ہوئے اتھارٹی نے کہا کہ اس کا کردار صرف ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے ذریعے موبائل فونز کی رجسٹریشن اور ان کی مطابقت کے انتظام تک محدود ہے۔ حالیہ عرصے میں پی ٹی اے کی جانب سے جاری کی گئی واحد عوامی ہدایت صرف ‘ڈی آئی آر بی ایس’ کی شیڈولڈ مینٹیننس (سسٹم کی معمول کی مرمت) سے متعلق تھی، جس کے دوران بعض سروسز عارضی طور پر معطل رہ سکتی ہیں۔

پی ٹی اے نے شہریوں کو سخت مشورہ دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایسے کسی بھی غیر مصدقہ دعوے کو آگے شیئر کرنے یا ان پر عمل کرنے سے سخت گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں : آپ کی سم بھی بند ہو سکتی ہے، پی ٹی اے نے اہم ہدایت جاری کر دی

اتھارٹی نے عوام پر زور دیا ہے کہ کسی بھی قسم کی افواہ کا حصہ بننے کے بجائے صرف پی ٹی اے اور ایف بی آر کے سرکاری ذرائع اور ویب سائٹس سے حاصل کردہ مستند معلومات پر ہی بھروسہ کریں۔

Scroll to Top