تہران ،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی شہید آیت اللہ خامنہ ای کی تجہیز و تکفین کی رسومات میں شرکت

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تہران پہنچے جہاں انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تجہیز و تکفین کی رسومات میں شرکت کی۔

تہران کے گرینڈ مصلا امام خمینی پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پاکستانی وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

پاکستانی قیادت نے گرینڈ مصلا امام خمینی آمد پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ شہید سپریم لیڈر کے لیے فاتحہ خوانی کی اور انہیں ملتِ اسلامیہ کے لیے خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے وزیر دفاع سے بھی خصوصی ملاقات کی۔

تہران پہنچنے والے اس اعلیٰ سطح کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شامل تھے۔ ان کے علاوہ سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد اور دیگر ارکانِ پارلیمان نے بھی جنازے میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : مودی سرکار کا اسرائیل کو خوش کرنے کیلئے ایرانی سپریم لیڈر شہیدآیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کی رسومات میں شرکت سےانکار

وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نہ صرف ایران بلکہ پوری مسلم امہ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔

انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر مسعود پزشکیان اور برادر عوامِ ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

تہران میں نمازِ جنازہ اور تعزیتی رسومات میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنے طے شدہ سرکاری دورۂ ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہو گئے۔

Scroll to Top