پاسپورٹ کی پریشانی ختم، شہریوں کے لیے بڑی سہولت متعارف

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے لاجسٹکس اور کورئیر کمپنی ٹی سی ایس کے ساتھ اشتراک کے تحت پاسپورٹ آپ کی دہلیز پر کے نام سے پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس سروس کے ذریعے شہری اپنے پاسپورٹ اپنی پسندیدہ رہائش گاہ پر وصول کر سکیں گے، جس کا مقصد شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا اور سرکاری خدمات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

یہ سروس ڈی جی آئی پی ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران باضابطہ طور پر شروع کی گئی، جس میں متعلقہ حکام اور ٹی سی ایس کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ٹی سی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن رضا لِہاری نے ڈیجیٹل گورننس اور شہری مرکوز خدمات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹی سی ایس ڈی جی آئی پی کے ساتھ مل کر اہم سرکاری دستاویزات شہریوں کی دہلیز تک پہنچانے پر فخر محسوس کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ نہایت حساس اور اہم دستاویز ہے، اور کمپنی اپنے ملک گیر لاجسٹکس نیٹ ورک کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر پاسپورٹ محفوظ، بروقت اور درست حالت میں متعلقہ شہری تک پہنچے۔

اجلاس میں پاسپورٹ سروسز کی جدید کاری، آپریشنل کارکردگی میں بہتری اور شہری تجربے کو مزید بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ٹی سی ایس کے کردار اور ملک بھر میں محفوظ ترسیل کے نظام پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی تازہ فہرست جاری، سنگاپور نے پھر بازی مار لی، پاکستان کس نمبر پر آیا؟ جانیے

ڈی جی آئی پی کے ڈائریکٹر جنرل محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور پاسپورٹ سروسز کو زیادہ مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ براہِ راست گھروں تک پہنچانے سے شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے پڑیں گے، جس سے وقت کی بچت اور نظام کی شفافیت میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مئی میں بھی ڈی جی آئی پی کی جانب سے ملک بھر میں پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس اور چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Scroll to Top