کسی کو سبز باغ نہیں دکھا سکتا، اگلے ماہ تنخواہ اور پنشن دینے کے پیسے نہیں ہیں، پرو وائس چانسلر گومل یونیورسٹی

خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے مثالی تعلیمی نظام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل یونیورسٹی بھی مالی بحران کا شکار ہو گئی ہے۔

گومل یونیورسٹی میں مالی بحران سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، ادارے کے پاس آئندہ ماہ ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کے لیے وسائل نہ ہونے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

پرو وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ یونیورسٹی اپنے موجودہ مالی وسائل کے مطابق ہی اخراجات پورے کر رہی ہے۔

پرو وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے کہا کہ وہ کسی کو سبز باغ نہیں دکھا سکتا جو وسائل دستیاب تھے وہ اسی حساب سے خرچ ہو چکے ہیں اور یہ کہ اگر کوئی ملازم یا پنشنر ان کے پاس آئے تو وہ پیشگی طور پر صورتحال سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ آنے والے مہینے میں تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور یونیورسٹی مالی بحران کا شکار، تنخواہوں کیلئے فنڈز ختم

یونیورسٹی پہلے ہی محدود مالی گنجائش کے باعث مختلف انتظامی و مالی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے جبکہ پنشن اور تنخواہوں کی ادائیگی ادارے کے لیے بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔

Scroll to Top