پرایا: فیفا ورلڈکپ 2026 میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرنے والی کیپ ورڈی کی قومی فٹبال ٹیم کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال کیا گیا، جہاں ہزاروں شائقین نے اپنے ہیروز کو بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا۔
کیپ ورڈی نے اپنی تاریخ میں پہلی بار فیفا ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کیا اور اپنے ڈیبیو ایونٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر نئی پہچان بنائی۔
ٹیم نے اسپین اور یوراگوئے جیسی مضبوط حریف ٹیموں کے خلاف متاثرکن کھیل پیش کیا اور ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی۔
ناک آؤٹ مرحلے میں ارجنٹینا کے خلاف مقابلے کے دوران لیونل میسی کے گول کے بعد کیپ ورڈی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ برابر کر دیا اور مقابلہ اضافی وقت تک پہنچا دیا۔ تاہم بدقسمت ڈیفلیکشن کے باعث ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کا ورلڈکپ سفر اختتام پذیر ہوگیا، لیکن اپنی جاندار کارکردگی سے اس نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کے دل جیت لیے۔
یہ بھی پڑھیں : روزانہ کافی پینا جگر کے سنگین امراض سے بچاؤ میں مددگار، نئی تحقیق
رپورٹس کے مطابق ٹیم اتوار کو دارالحکومت پرایا پہنچی، جہاں ایئرپورٹ کے اطراف ہزاروں مداح جمع تھے۔ استقبال کے موقع پر ڈھول کی تھاپ، رقص، نعروں اور قومی پرچموں نے ماحول کو جشن میں بدل دیا۔
ٹیم کے 40 سالہ گول کیپر وزینا، جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے عالمی سطح پر داد سمیٹی، نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے اور پوری قوم کے لیے ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیم مزید آگے جانا چاہتی تھی، تاہم وہ اس تاریخی کامیابی کی خوشی اپنے عوام کے ساتھ منانا چاہتے ہیں۔
استقبال کے دوران شائقین نے وزینا اور سینٹر بیک پیکو لوپس سمیت دیگر کھلاڑیوں کے حق میں بھرپور نعرے لگائے، جبکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے مداحوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کی جرسیوں پر دستخط بھی کیے۔





