شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ، پاک چین زمینی رابطہ منقطع

لوئر کوہستان: ضلع لوئر کوہستان کے علاقے پٹن ڈاک کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان زمینی رابطہ عارضی طور پر منقطع ہوگیا، جبکہ دونوں اطراف شدید ٹریفک جام کے باعث سیکڑوں مسافر اور سیاح پھنس کر رہ گئے۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق شاہراہ کی بندش کے باعث ملک کے مختلف شہروں سے گلگت بلتستان جانے والی گاڑیاں راستے میں رک گئی ہیں، جبکہ پاک چین سرحد اور شمالی علاقوں کی سیر کے لیے جانے والے سیاح بھی بڑی تعداد میں متاثر ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہراہ قراقرم پر پھنسے ہوئے افراد میں خواتین، بچے، بزرگ اور طلبہ بھی شامل ہیں، جو کئی گھنٹوں سے راستہ کھلنے کے منتظر ہیں۔

مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے محدود راستہ بنانے کی کوشش بھی کی، تاہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کاخدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کے دونوں اطراف مال بردار ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جس سے نہ صرف مقامی ٹریفک بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی نقل و حمل بھی متاثر ہوئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو شاہراہ سے ملبہ ہٹانے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے اور راستہ بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل شاہراہ کی صورتحال سے متعلق تازہ معلومات ضرور حاصل کریں۔

Scroll to Top