کوہستان سکینڈل کے سونے سے متعلق اہم پیش رفت

پشاور: کوہستان مالیاتی سکینڈل کے دوران برآمد ہونے والے کروڑوں روپے مالیت کے سونے کی فروخت کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

جبکہ فروخت کا شفاف طریقہ کار وضع کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان منٹ لاہور سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق برآمد شدہ سونے کی فروخت کے لیے متعلقہ اداروں کی تجاویز اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان منٹ لاہور کے ساتھ اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں سونے کی جانچ، اس کی اصل مالیت کے تعین اور فروخت کے شفاف طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : روایتی سرنجوں پر پابندی، حکومت کا بڑا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرین کی رائے کی روشنی میں برآمد شدہ سونے کی قیمت موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق مقرر کی جائے گی، تاکہ فروخت کا عمل شفاف اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ کوہستان مالیاتی سکینڈل کی تحقیقات کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب) نے مختلف سرکاری ملازمین اور دیگر متعلقہ افراد سے بڑی مقدار میں سونا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

بعد ازاں سونے کو سکیورٹی اور حفاظت کے پیش نظر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

Scroll to Top