محمد اعجاز آفریدی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں مشاورت کے لیے ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہےجس کے لیے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے کے مطابق یہ اہم مشاورتی اجلاس 14 جولائی 2026 کو اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیرِ صدارت منعقد ہوگا۔
اس اجلاس میں بلدیاتی مدت مکمل کرنے والے صوبے کے 23 اضلاع میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور اس حوالے سے اہم مشاورت کی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو 14 جولائی کی اس اہم میٹنگ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق لوکل گورنمنٹ انتخابات کے پہلے مرحلے میں صوبے کے جن اضلاع میں ممکنہ طور پر الیکشن کا انعقاد ہوگاان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، مردان، صوابی اور کوہاٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام اور تورغر میں بھی پہلے ہی مرحلے میں الیکشن کرائے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں دو روز کے اندر آٹے کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ
الیکشن کمیشن کے ایجنڈے میں کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، بونیر، چترال لوئر، دیر لوئر اور دیر اپر میں بھی لوکل گورنمنٹ انتخابات کا انعقاد شامل ہےجس پر اس اجلاس میں حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔





