اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے فیملی کمپوزیشن (خاندانی شجرہ) کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین نادرا کے ریکارڈ میں موجود اپنے خاندان کے رجسٹرڈ افراد کی تفصیلات مفت حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں موجود فیملی کمپوزیشن کے آپشن سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے خاندان کے رجسٹرڈ افراد کی فہرست آسانی سے دیکھ سکتے ہیں۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو پہلے پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ اِن کرنا ہوگا، پھر فیملی کمپوزیشن (خاندانی شجرہ) کا آپشن منتخب کرنا ہوگا، جس کے بعد خاندان کے رجسٹرڈ افراد کی فہرست اسکرین پر ظاہر ہو جائے گی۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فہرست میں درج تمام افراد کے کوائف کا بغور جائزہ لیں۔ اگر ریکارڈ میں کسی غیر متعلقہ شخص کا نام شامل ہو تو فوری طور پر رپورٹ انٹروڈر کے آپشن پر کلک کرکے اس کی اطلاع دیں، تاکہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بندر عباس، سیرک اور ہرمزگان میں متعدد دھماکے، امریکا نے ایران پر مزید فضائی حملے شروع کر دیے
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ شہری وقتاً فوقتاً پاک آئی ڈی ایپ پر اپنے خاندانی ریکارڈ کا جائزہ لیتے رہیں اور اپنے کوائف کی درستگی کو یقینی بنائیں۔
نادرا کے مطابق فیملی کمپوزیشن کی یہ سہولت خاندانی ریکارڈ کو درست اور اپ ڈیٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو اپنے فیملی ڈیٹا تک آسان اور مفت رسائی فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ مزید معلومات کے لیے شہری نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





