ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال عمان کے وزیرِ خارجہ بدر البوسعیدی نے کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی اپنے دورۂ عمان کے دوران اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور اہم علاقائی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق مذاکرات میں آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال، بحری سلامتی اور خطے میں جاری پیش رفت بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن چاہتا ہے کہ ایران عوامی سطح پر بحری جہازوں پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری راستوں کو بلا رکاوٹ کھلا رکھنے کا اعلان کرے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے وقت میں عباس عراقچی کا دورۂ عمان خاص اہمیت کا حامل ہے، جب خلیجی خطے میں سکیورٹی صورتحال، عالمی توانائی کی ترسیل اور علاقائی سفارت کاری عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔





