پاکستانی ماہرین کے لیے 50 ہزار ڈالر جیتنے کا سنہری موقع، اوپن اے آئی کا اعلان

اسلام آباد: مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی کے شعبے سے وابستہ پاکستانی ماہرین اور محققین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عالمی ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے خصوصی بائیو باؤنٹی پروگرام کے لیے اہل ممالک کی فہرست میں پاکستان کو بھی شامل کر لیا ہے۔

اوپن اے آئی کے اس فیصلے کے بعد پاکستانی ماہرین بھی پروگرام میں شرکت کے اہل ہوں گے، جہاں وہ جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈلز میں حیاتیاتی سیکیورٹی سے متعلق ممکنہ خطرات اور کمزوریوں کی نشاندہی کریں گے۔

کمپنی کے مطابق پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے محققین کو 50 ہزار امریکی ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔

اوپن اے آئی نے واضح کیا ہے کہ بائیو باؤنٹی پروگرام عام صارفین کے لیے نہیں، بلکہ مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، ریڈ ٹیمنگ اور حیاتیاتی تحفظ کے شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد اے آئی سسٹمز کو ممکنہ غلط استعمال سے محفوظ بنانا اور ان کے حفاظتی نظام کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں کم عمر بچوں کی اموات کی بڑی وجہ خسرہ قرار، تحقیق میں تشویشناک انکشاف

پروگرام میں شرکت کے خواہشمند پاکستانی ماہرین کو پہلے ایک مختصر درخواست فارم جمع کرانا ہوگا، جس میں ذاتی معلومات، ملک، تعلیمی یا پیشہ ورانہ وابستگی اور متعلقہ تجربے کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔ درخواست گزار کے لیے فعال چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اوپن اے آئی کے مطابق درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد منتخب امیدواروں کو خصوصی پلیٹ فارم تک رسائی دی جائے گی، جہاں کام شروع کرنے سے قبل انہیں رازداری کے معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے۔

اس کے بعد شرکاء مقررہ ہدایات کے مطابق اے آئی ماڈلز کی جانچ کریں گے اور ممکنہ حفاظتی خامیوں سے متعلق اپنی رپورٹس جمع کرائیں گے۔

Scroll to Top