شمالی وزیرستان کی تحصیل سپین وام کے گاؤں ششی خیل میں تعمیر کیا گیا واحد سمال ڈیم عدم توجہی اور مبینہ بدانتظامی کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ڈیم کے بند میں گہرے شگاف پڑ چکے ہیں، جس کے باعث ذخیرہ شدہ پانی تیزی سے ضائع ہو رہا ہے جبکہ ڈیم کے ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر ڈیم کے شگاف فوری طور پر بند نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے، جس سے زرعی زمینوں کے متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ قریبی آبادی کو بھی جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا ،جنوبی وزیرستان سے افسوسناک خبر آگئی ،4 افراد جان کی بازی ہار گئے
گاؤں ششی خیل کے رہائشیوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ڈیم کی مرمت کا کام شروع کیا جائے تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے اور پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔





