شاباش پنجاب پولیس !صوبائی دارالحکومت میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

شاباش پنجاب پولیس !صوبائی دارالحکومت میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

لاہور میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے متعلقہ افسران کو بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے شہر کا امن اور شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور کے تجارتی مراکز، مارکیٹوں اور مختلف شعبوں میں کاروبار یا ملازمت سے منسلک غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے حوالے سے کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد کو رہائش یا دیگر سہولتیں فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے صدر ڈویژن پولیس کے ساتھ انسدادِ جرائم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی سیکیورٹی، ایس پی صدر، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران کو موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے منشیات خصوصاً آئس، چرس اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی ترسیل روکنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔

فیصل کامران نے کہا کہ اشتہاری ملزمان، عادی مجرمان اور عدالتی مفرور افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جبکہ خواتین اور بچوں سے متعلق جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ جرائم میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرنے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ کرائم سین پر خود پہنچیں، مقدمات درست دفعات کے تحت درج کریں اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرائض میں غفلت، لاپرواہی یا کرپشن ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

Scroll to Top