مرمت کے بعد بھی فقیرآباد فلائی اوور محفوظ نہ رہ سکا، نشئیوں کی مبینہ سرگرمیوں پر تشویش

پشاور کا مصروف ترین فقیرآباد فلائی اوور حال ہی میں تعمیر و مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے آمدورفت کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا۔

تاہم فلائی اوور کے دوبارہ کھلنے کے کچھ ہی عرصے بعد اس کی حفاظت اور دیکھ بھال سے متعلق نئے خدشات سامنے آنے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فقیرآباد فلائی اوور سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں چند افراد کو پل کے مختلف حصوں سے سریا نکالنے کی مبینہ کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ افراد نشے کے عادی ہیں اور انہوں نے پل کے ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بعض افراد نہایت منظم انداز میں فلائی اوور کے حصوں پر کام کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث سوشل میڈیا صارفین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ ویڈیو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پل کے سریے نکالنے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جا رہا ہو۔

یہ بھی پڑھیں : جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی، 14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے فلائی اوور کی تعمیر و مرمت پر خطیر رقم خرچ کی، اس لیے ضروری ہے کہ قومی اثاثے کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ فلائی اوور پر سیکیورٹی بڑھائی جائے، نگرانی کے نظام کو فعال بنایا جائے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لیا جائے، واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور اگر پل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے تو ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

واضح رہے کہ فقیرآباد فلائی اوور پشاور کے اہم ترین اور مصروف ترین راستوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں۔ اس لیے اس کی ساخت اور حفاظت سے متعلق کسی بھی قسم کی غفلت شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top