مون سون بارشیں، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع متاثر، پی ڈی ایم اے کی تازہ رپورٹ جاری

اعجاز آفریدی

پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پشاور میں بھی دوبارہ بارش شروع ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات اور پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں 19 سے 23 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

پی ڈی ایم اے کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں مزید 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 19 جولائی سے اب تک شدید بارشوں، گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے جبکہ سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 22 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد، 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

ادارے کے مطابق حالیہ بارشوں سے صوبے میں مجموعی طور پر 37 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 29 گھروں کو جزوی جبکہ 8 گھروں کو مکمل نقصان ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بادلوں کا راج برقرار، بارشوں کا سلسلہ کب تھمے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر و اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ادارے کے مطابق صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاؤ اس وقت معمول کے مطابق ہے، تاہم صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top