ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم بدستور گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور حبس رہے گا، جبکہ شام اور رات کے دوران مطلع جزوی ابر آلود ہونے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور وزیرستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، اٹک، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، سرگودھا، فیصل آباد، مری، گلیات، راولپنڈی اور گردونواح میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، جبکہ کراچی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہا، تاہم چھور، اوکاڑہ اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش چھور میں 6 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 5 ملی میٹر، گوپس میں 4 ملی میٹر جبکہ اسکردو اور استور میں 1،1 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، دالبندین اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔





