سونے کی چمک ماند پڑ گئی، عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آگئیں

سونے کی چمک ماند پڑ گئی، عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آگئیں

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کی نظریں اس ہفتے امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کے شرحِ سود سے متعلق اہم فیصلے پر مرکوز ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت تقریباً 0.8 فیصد کم ہو گئی، جس کے بعد فی اونس سونا تقریباً 4,040 امریکی ڈالر پر آ گیا۔ اس کمی کے ساتھ گزشتہ کاروباری سیشن میں ہونے والا معمولی اضافہ بھی ختم ہو گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار فیڈرل ریزرو کے آئندہ پالیسی فیصلے سے قبل محتاط حکمتِ عملی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ایک جانب جون میں مہنگائی کی شرح توقعات سے کم رہی، جبکہ دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے نے افراطِ زر سے متعلق خدشات کو دوبارہ تقویت دی ہے۔

ادھر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں عارضی کمی کے باعث محفوظ سرمایہ کاری سمجھے جانے والے سونے کی طلب میں بھی کمی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آگئیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بدھ کو فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود کے فیصلے کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں نئی ہلچل پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top