چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہےجس کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک کا کاروبار کرنے والے انفرادی تاجر اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ایف بی آر کے مطابق یہ طریقہ کار صرف ٹیکس سال 2026 کے لیے نافذ ہوگاجس میں تاجروں کو اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس کی ادائیگی لازمی ہوگی۔ تاجروں کا پہلے سے کٹا ہوا ودہولڈنگ ٹیکس قابلِ ادائیگی رقم سے منہا تو کیا جا سکے گا تاہم کسی بھی صورت میں اضافی رقم کی واپسی نہیں کی جائے گی۔ اس اسکیم کا حصہ بننے کے لیے اہل دکاندار آئی آر آئی ایس (IRIS) پورٹل، موبائل ایپ یا قریبی ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

اس اسکیم کو اختیار کرنے والے تاجروں کو بڑی مراعات دی گئی ہیں جن کے تحت ان کا عمومی طور پر آڈٹ نہیں کیا جائے گا اور انہیں پی او ایس (POS) سسٹم سمیت ڈیجیٹل انوائسنگ کی شرط سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔ تاہم کسی بھی غیر معمولی مالیاتی لین دین یا اس سہولت کے غلط استعمال کی صورت میں ایف بی آر کو محکمانہ کارروائی کا پورا حق حاصل ہوگا۔

ایف بی آر کی جانب سے رجسٹرڈ ہونے والے تمام اہل دکانداروں کو کیو آر کوڈ کی حامل خصوصی “گرین پلیٹ” بھی جاری کی جائے گی۔ دوسری جانب مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرنے یا اس اسکیم کا انتخاب نہ کرنے والے تاجروں پر 10 ہزار سے لے کر 50 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

Scroll to Top