ضلع ہنگو کی خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کا مقدمہ محکمہ انسدادِ دہشت گردی کوہاٹ میں درج کر لیا گیا۔
مقدمہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت 16 مختلف دفعات کے تحت ایس ایچ او سی ٹی ڈی کوہاٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق دہشت گردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر بھاری اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا جبکہ کارروائی کے آغاز میں گورنمنٹ سکول خزینہ میں قائم پولیس پوسٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی کی قیادت میں پولیس کی اضافی نفری روانہ ہوئی تاہم راستے میں دہشت گردوں نے ڈرونز اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس سے سرکاری گاڑیوں اور ایک بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچا، حملہ آور پولیس کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا ہنگو کا دورہ، پولیس شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا جبکہ مزید تفتیش سی ٹی ڈی کوہاٹ نے شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حملے میں مجموعی طور پر 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 زخمی ہوئے۔





