وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے آج ضلع ہنگو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گزشتہ روز دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی، ایصالِ ثواب اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے پولیس فورس کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور تمام متاثرہ خاندانوں کو حکومتی سرپرستی اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع ہنگو کی خزینہ بانڈہ پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے اچانک حملہ کیا تھا۔ چوکی کی مدد کے لیے ایس ڈی پی او سٹی دیار خان کی سربراہی میں اضافی نفری روانہ کی گئی لیکن پہلے سے گھات لگائے دہشت گردوں نے کمک کے لیے جانے والی بکتر بند گاڑی (APC) اور نفری کو نشانہ بنایا، جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
اس شدید اور طویل مقابلے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 بہادر پولیس افسران و اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 28 جوان زخمی ہوئے۔ پولیس کی دلیرانہ جوابی کارروائی میں 15 خوارج ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نےپولیس جوانوں کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سخت حالات میں دشمن کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹنے والے شہداء کے لیے اعلیٰ ترین اعزازات کی سفارش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : تربت سے ملنے والی لاشیں 6 مغوی مزدوروں کی ہیں، معاون برائے میڈیا محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی کا اہم بیان سامنے آگیا
انہوں نے واضح کیا کہ سوات، پشاور اور ہنگو میں دہشت گردوں کے منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں اور صوبے کے کونے کونے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔





