سعودی دارالحکومت ریاض میں صوفہ فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 بنگلادیشی جاں بحق

سعودی دارالحکومت ریاض میں فیکٹری میں آگ لگنے سے بنگلہ دیش کے 16 مزدور جاں بحق

سعودی دار الحکومت ریاض میں صوفہ فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 بنگلا دیشی مزدور جاں بحق ہو گئے، بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے جاں بحق مزدورں سے متعلق خبر کی تصدیق کردی ۔

سعودی عرب کے سول ڈیفنس ادارے نے بھی دارالحکومت میں ایک غیر لائسنس یافتہ فرنیچر سازی کی جگہ پر لگنے والی آگ بجھانے کی تصدیق کی، تاہم اس نے ہلاکتوں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب بنگلادیش کی وزارت خارجہ نے  کہا ہے کہ اتوار کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلا دیشی شہری جان کی بازی ہار گئے۔

بنگلادیشی سفارتخانے کے مطابق آگ ریاض کے الصِفا ضلع کے صنعتی علاقے میں واقع ایک صوفہ فیکٹری میں لگی، سفارتخانے نے بتایا کہ حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، تاہم تمام متاثرہ افراد جاں بحق ہوگئے۔

بنگلادیش کے وزیر برائے اوورسیز ویلفیئر کے مطابق  سعودی عرب میں بنگلہ دیشی سفارتخانے کے ذریعے مقامی حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاں بحق ہونے والے تارکین وطن کی میتیں جلد از جلد بنگلا دیش منتقل کرنے اور ان کے خاندانوں کو ضروری حکومتی امداد اور معاوضہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top