ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پر قتل کیس میں اہم گرفتاری

ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پر قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، مرکزی ملزم آلہ قتل سمیت پکڑا گیا۔

ضلعی پولیس سربراہ ہارون الرشید خان کی ہدایات پر تھانہ پی او ایف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کے قتل کے مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ پی او ایف میں درج مقدمہ نمبر 448، بجرم 302 تعزیراتِ پاکستان میں نامزد ملزم کامران خان ولد اورنگزیب، سکنہ منجیاں، کو کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں بڑھتی لاقانونیت، قتل کے واقعات میں اضافہ، پولیس کارکردگی پر سوالات

پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل بھی برآمد کر کے قبضے میں لے لیا جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ ریکوری میمو بھی مرتب کر لیا گیا ہے۔

ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے کے دیگر پہلوؤں پر بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

Scroll to Top