خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے پولیس کے مشترکہ چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے حملے کو ناکام بنا تے ہوئے 12دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 جولائی 2026 کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں قائم مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر بھارت کے زیرِ سرپرستی کام کرنے والےفتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا تاہم سیکورٹی فورسز نے الرٹ رہتے ہوئے اس ناپاک کوشش کو فوری اور فیصلہ کن انداز میں ناکام بنا دیا۔
پیش قدمی ناکام ہونے پر فرار ہونے والے خوارج کا فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے تعاقب کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
دہشت گردوں نے شدید ناکامی اور بوکھلاہٹ میں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔ دھماکے کے شدید اثرات کے باعث چیک پوسٹ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچاجس کے نتیجے میں وطنِ عزیز کے 15 بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہدا میں پاک فوج کے 12 جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمۂ جنگلات کا 1 سرکاری اہلکار شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا ’’آپریشن العزم‘‘ فضائی و زمینی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک، 12 زخمی
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ قومی ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی کے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں مکمل طاقت اور تیز رفتاری سے جاری رہیں گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی میں پھیلائی جانے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔





