راولپنڈی: ایم ٹو موٹروے پر شدید بارش کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ بارش کے دوران پیش آیا، جس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ حادثے میں بس میں سوار ایک مسافر جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
موٹروے پولیس اور ریسکیو ایمرجنسی ٹیمیں حادثے کے مقام پر موجود ہیں۔ معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں : پیپلز پارٹی کی بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد انتقال کر گئیں
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں مجموعی طور پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں صورتحال نارمل ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، تونسہ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 68 فیصد بھر چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا چھٹا اسپیل 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔





