مردان: ایس پی انویسٹی گیشن کے دفتر میں فائرنگ، زیر حراست ملزم قتل

اخونزادہ فضل حق

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے تھانہ صدر میں واقع ایس پی انویسٹی گیشن کے دفتر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں زیرِ حراست ملزم جاں بحق ہو گیا جبکہ فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے موقع سے گرفتار کر لیا ہے۔

قتل کے مقدمے میں زیرِ حراست مشال نامی ملزم کو تفتیش کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کے دفتر لایا گیا تھا جہاںپولیس اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم عمران خود محکمہ پولیس کا ملازم ہے اور ڈی ایس پی ٹریفک کے دفتر میں ریڈر کے طور پر تعینات ہے۔

مقتول مشال پر الزام تھا کہ اس نے گزشتہ روز فائرنگ کر کے عمران کے بھائی کو قتل کیا تھا جس کے بعد اسے گرفتار کر کے تھانہ صدر میں رکھا گیا تھا اور اس سے تفتیش جاری تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مردان مسعود احمد دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ ڈی پی او نے غفلت برتنے پر موقع پر موجود 3 پولیس اہلکاروں کو فوری معطل کر کے کوارٹر گارڈ میں بند کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما جابحق

پولیس نے فائرنگ کرنے والے اہلکار عمران کو حراست میں لے کر باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہےجبکہ تھانے کے اندر پیش آنے والے اس واقعہ کے تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top