افغانستان میں حراست میں لیے گئے اقوام متحدہ کے 2 اہلکار رہا

طالبان کی جانب سے حراست میں لیے گئے اقوام متحدہ کے 2 افغان اہلکاروں کو رہا کر دیا گیا

افغانستان میں طالبان حکام کی جانب سے حراست میں لیے گئے اقوام متحدہ کے 2 افغان اہلکاروں کو رہا کر دیا گیا، یونامہ کے مطابق دونوں اہلکاروں کو ایک ہفتہ بعد رہائی ملی اور دونوں خیریت سے ہیں ۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اہلکار خیریت سے ہیں، دونوں اہلکار اقوام متحدہ کے افغانستان مشن (یو این اے ایم اے) کے ملازم ہیں، جنہیں 9 اگست کو افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں حراست میں لیا گیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو تاحال ان کی گرفتاری اور حراست کی وجوہات سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا، دونوں اہلکاروں پر عائد الزامات واپس لے لیے گئے ہیں اور انہیں مزید کسی قانونی کارروائی کا سامنا نہیں ہے۔

دوجارک نے دونوں اہلکاروں کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ افغان حکام سے رابطے میں ہے تاکہ اپنے عملے کے استحقاق، سلامتی اور نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنایا جاسکے۔

Scroll to Top