شاہد جان
خیبر پختونخوا اسمبلی نے صوبے میں کیش لیس معیشت اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے “خیبرپختونخوا ڈیجیٹل پروموشن آف پیمنٹس ترمیمی بل 2026” کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔
یہ اہم بل صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے ایوان میں پیش کیا۔
منظور شدہ بل کے تحت خیبر پختونخوا میں تمام تجارتی مراکز، دکانوں، تعلیمی اداروں، کلینکس اور ہسپتالوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام نافذ کرنا اور کیو آر کوڈ (QR Code) آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بل میں واضح کیا گیا ہے کہ گاہکوں سے ڈیجیٹل ادائیگی پر کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے جبکہ ڈیجیٹل پیمنٹ سے انکار کرنے والے کاروباری اداروں پر سنگین جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
قانون کے مطابق مانیٹرنگ افسران کو کسی بھی وقت تجارتی مراکز کے معائنے کا مکمل اختیار حاصل ہوگا تاکہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : کرک: زہریلی چیزکھانے سے 3 سالہ بچہ جاں بحق، بھائی تشویشناک حالت میں ہسپتال میں منتقل
مزید برآں، کیش لیس معیشت کو ترغیب دینے کے لیے نئے رجسٹرڈ ہونے والے کاروباروں کو دو سال کے لیے ٹیکس میں رعایت دی جائے گی جبکہ بینکوں اور سروس فراہم کنندگان کو اس نظام کی کامیابی کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔





