صوابی میں بارشوں اور سیلاب سے 3 افراد جاں بحق، 41 مکانات متاثر

استخار احمد یوسفزئی

صوابی: صوابی میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے، اس کے علاوہ 41 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نقصانات کے تخمینے اور متاثرہ علاقوں کا سروے تاحال جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں 9 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 32 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے ایک بنیادی مرکز صحت (BHU)، 4 سکولوں کی عمارتوں اور ایک سکول کی چار دیواری کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال سے ضلع کا انفراسٹرکچر بھی متاثر ہوا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے 2 چھوٹے پل، محکمہ C&W کی متعدد سڑکیں، مختلف کاز ویز، 8 نالے اور کئی حفاظتی دیواریں متاثر ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ متعدد دکانیں اور تمباکو کے گودام بھی پانی کی زد میں آکر متاثر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی ایران سے تجارت کرنے والوں کو پابندیوں کی دھمکی، عالمی منڈی میں تیل مہنگا

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نقصانات سے متعلق یہ اعداد و شمار ابتدائی سروے پر مبنی ہیں، جبکہ مزید نقصانات کا تفصیلی جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔ سروے مکمل ہونے کے بعد اصل متاثرین کی نشاندہی کرکے انہیں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

انتظامیہ نے تمام متاثرہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے بینک اکاؤنٹس کھلوائیں تاکہ حکومتی امدادی رقم بروقت ان تک منتقل کی جاسکے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سروے مکمل ہونے کے بعد متاثرین کو ریلیف اور معاوضے کی ادائیگی کا عمل فوری طور پر شروع کردیا جائے گا۔

Scroll to Top