پشاور: خیبر پختونخوا میں 2025-26 کی تعلیمی بھرتیوں کا عمل 31 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مرد و خواتین) کو بھرتی کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمے کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بعض اضلاع میں بھرتی کا عمل تاحال مکمل نہ ہونے کے باعث امیدواروں میں تشویش پائی جارہی ہے، جبکہ تاخیر کے باعث تعلیمی اداروں میں تدریسی عملے کی بروقت فراہمی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
مراسلے میں تمام ڈی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ 19 جولائی 2024 کی منظور شدہ ریکروٹمنٹ پالیسی اور دیگر قانونی تقاضوں کے مطابق زیرِ التوا تقرریوں کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : 9 مئی کیس میں تیمور جھگڑا سمیت 4 رہنماؤں نے ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں
محکمے کے مطابق اگر کسی امیدوار سے متعلق بھرتی کا معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہو تو عدالت کے حتمی فیصلے سے مشروط طور پر تقرری کا حکم جاری کیا جاسکتا ہے۔
مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ فیز ٹو کے 49-30 ریڈیوسڈ میرٹ امیدواروں کی میرٹ لسٹ سے متعلق معاملہ ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ETEA) کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔ اس معاملے میں پیش رفت سے تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو آگاہ کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ تمام اضلاع میں 2025-26 کی بھرتیوں کا عمل 31 اکتوبر 2026 تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔





