عظمت اللہ
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے وکلا نے سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی۔
درخواست ایڈووکیٹ عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے 18 اگست 2026 کے واضح احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل نہیں کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی توہینِ عدالت کے زمرے میں آتی ہے، لہٰذا جواب دہندگان کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
پی ٹی آئی کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جواب دہندگان کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں اور انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا اہم فیصلہ، شفیع جان کو سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اضافی قلمدان
درخواست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور وہاں ان کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر تعینات کرنے یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
درخواست گزاروں نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی ہے کہ عدالتی احکامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے سے متعلق کیس کی سماعت پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کر رکھی ہے۔





