بنکاک میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس میں پاکستان کو بھارت کے خلاف اہم کامیابی مل گئی، کونسل کے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست دیدی ۔
بنکاک میں اقیشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں کونسل کے ڈائریکٹرز کے انتخاب میں پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینل آمنے سامنے تھے۔
انتخابات میں ایک سخت مقابلے کے بعد پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے ڈائریکٹرز کی تینوں نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ پینل کو بدترین شکست سے دوچار کردییا ۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی صدر محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے، جنہوں نے کامیابی حاصل کی۔
اے سی سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تینوں نشستیں حاصل کی ہیں، اجلاس میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔
اس موقع پر اگلے سال بنگلا دیش میں شیڈول ایشیا کپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلہٹ، میرپور اور چٹو گرام میں میچز کروانے کی تجویز پر غور کیا گیا، اے سی سی بجٹ کی منظوری کے ساتھ دبئی میں ویمنز ایشیا کپ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔





