ایپل ستمبر میں اپنی نئی آئی فون سیریز متعارف کرانے جا رہی ہے تاہم اس بار صارفین کو جیب زیادہ ڈھیلی کرنا پڑے گی کیونکہ نئی ڈیوائسز پہلے سے زیادہ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ایپل اس سال آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ستمبر میں ہونے والی تقریب میں کمپنی کی جانب سے پرو سیریز کے ساتھ ساتھ ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی منظرِ عام پر لائے جانے کا قوی امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریم (RAM) اور دیگر پروسیسنگ چپس کی عالمی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ اب براہِ راست صارفین پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل دوسری ٹیک کمپنیوں کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کی حکمت عملی کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔ اندازے کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں کم از کم 100 ڈالر تک کا اضافہ کیا جا سکتا ہے،جس کے بعد آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر کے بجائے 1199 ڈالر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پرانی ہونڈا سی ڈی 70 کے مالکان کے لیے بڑی خوشخبری،کمپنی نے بڑی آفر لگادی
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار ستمبر کی تقریب میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون 18 ائیر (Air) ماڈلز پیش نہیں کیے جائیں گے۔ مختلف تکنیکی لیکس کے مطابق یہ دونوں ورژنز آئندہ سال 2027 کے اوائل میں الگ سے متعارف کرائے جائیں گے۔





