اٹلس ہونڈا نے پرانی سی ڈی 70 موٹر سائیکلوں کے مالکان کے لیے خصوصی ایکسچینج آفر کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت صارفین اپنی موجودہ موٹر سائیکل دے کر بالکل نئی سی ڈی 70 حاصل کر سکیں گے۔
اس آفر کے تحت اٹلس ہونڈا صارف کی پرانی موٹر سائیکل کی حالت کا معائنہ کر کے اس کی قیمت کا تخمینہ لگائے گی اور یہ رقم نئی موٹر سائیکل کی کل قیمت میں سے منہا کر دی جائے گی۔
صارف کو پرانی موٹر سائیکل کمپنی کے سپرد کرنے کے بعد صرف بقیہ رقم ہی ادا کرنا ہو گی۔ کمپنی نے پرانی موٹر سائیکلوں کی کوئی ایک مقررہ قیمت طے نہیں کی بلکہ ہر گاڑی کی حالت کے مطابق مختلف تخمینہ لگایا جائے گا جس کے باعث قابلِ ادائیگی رقم بھی ہر صارف کے لیے مختلف ہو گی۔
پاکستان میں نئی سی ڈی 70 کی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس موٹر سائیکل میں چار اسپیڈ گیئر سسٹم کے ساتھ چار اسٹروک ایئر کولڈ انجن شامل ہے۔ اس میں 8.5 لیٹر گنجائش کا فیول ٹینک دیا گیا ہے جبکہ ایک لیٹر ریزرو فیول کی سہولت موجود ہے۔ اس ماڈل میں کک اسٹارٹ سسٹم فراہم کیا گیا ہے جو اس کی اہم خصوصیات میں شمار ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں مذید اعلی افسران کے تبادلے،نوٹیفکیشن جاری
کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایکسچینج کی شرائط و ضوابط اور طریقہ کار کی تفصیلات کے لیے اپنی قریبی ڈیلرشپ سے رابطہ کریں۔ پرانی موٹر سائیکل کو نئے ماڈل سے تبدیل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے یہ اسکیم خریداری کے وقت مالی بوجھ کو کم کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہو گی۔





