خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 11 خارجی جہنم واصل

اسلام آباد: خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 11 خوارج ہلاک ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان، بنوں اور خضدار میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 11 دہشتگرد مارے گئے۔

بنوں میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا، جبکہ بارودی مواد کی مدد سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : کابینہ؛ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت، ڈیفنس فورسز اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترمیم منظور

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں 5 خارجی دہشتگرد مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے کوارڈ کاپٹر کی مدد سے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام کارروائیوں کے دوران عوام کے جان و مال اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک عزم استحکام ویژن کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے کانگو کے چیف آف ڈیفنس آرمڈ فورسز کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانےپر اتفاق

واضح رہے کہ پانچ روز قبل بھی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے کامیاب آپریشنز کے دوران 49 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا اور ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئی تھیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے بعد متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، جن کا مقصد علاقوں میں موجود دیگر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کا سراغ لگانا اور ان کا خاتمہ کرنا ہے۔

Scroll to Top