اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور فوجی تعطل کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ موجودہ علاقائی چیلنجز کا پائیدار حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، اسی مقصد کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 24 اگست کو ایران کا دورہ کیا، جہاں ایرانی حکام کے ساتھ خطے میں کشیدگی کے خاتمے سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران پاکستان کے ثالثی کردار کے تناظر میں تھا۔
ترجمان کے مطابق اس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 14 اگست کو تہران کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر ہونے والی بات چیت میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، فوجی تعطل ختم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کا حل تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ سے 17، 19 اور 25 اگست کو تین مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ کیا، جن میں علاقائی صورتحال اور امن کے لیے مذاکرات و سفارتکاری کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے کویتی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مجتبیٰ خامنہ ای کی حالت سے متعلق بڑا انکشاف، ٹرمپ کا حیران کن دعویٰ
افغانستان سے متعلق سوال پر طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ ریاستی سطح پر بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے افغان عبوری حکومت کو ٹھوس شواہد فراہم کرنا ہوں گے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں کررہی ہے۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی جانب سے کرانہ ہلز پر حملے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے اسٹریٹجک اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور پاکستان ان کے تحفظ اور سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے بھارتی حکام کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’بالی ووڈ اسٹائل‘ بیانات کی کوئی اہمیت نہیں۔ طاہر اندرابی نے سوال اٹھایا کہ 16 سے 18 ماہ بعد اس طرح کے بیانات دینے کی کیا وجہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی ایک سال کے لیے چیئرمین شپ سنبھال لی ہے اور پاکستان 2027 میں ایس سی او کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بشکیک میں ایس سی او کانفرنس میں شریک ہوئے۔
طاہر اندرابی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کانفرنس کے موقع پر دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ کرغزستان کی قیادت سے بھی ان کی ملاقاتیں ہوں گی۔





