مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب

مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کرکے پیپلزپارٹی کے امیدوار مختار عباسی کو شکست دی، جنہیں 14 ووٹ ملے۔

وزیراعظم کے انتخاب کے لیے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان نے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالے۔ ووٹنگ کے نتیجے میں بیرسٹر افتخار گیلانی کو 30 جبکہ مختار عباسی کو 14 ووٹ حاصل ہوئے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور وہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر رکن ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے انہیں وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کیا تھا۔

افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی سیاست میں سیاسی اور پارلیمانی تجربہ رکھنے والے رہنما ہیں۔ وہ اس سے قبل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور وزیر تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔

انہوں نے 2011 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن بن کر اپنے سیاسی سفر کا اہم مرحلہ طے کیا، اسمبلی میں آنے کے بعد انہوں نے پارلیمانی سیاست میں اپنی شناخت بنائی اور مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں میں شمار ہونے لگے۔

2016 کے عام انتخابات میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے حلقہ LA-26 مظفرآباد-3 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے 20 ہزار 506 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے خواجہ فاروق احمد 12 ہزار 90 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات کی رپورٹنگ پر بڑا تنازع، الجزیرہ کے خلاف حکومت کا سخت ردعمل

بطور وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی کے دور میں محکمہ تعلیم میں میرٹ پر بھرتیوں کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے۔

محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے بھی اقدامات کیے گئے۔

2021 کے آزاد کشمیر انتخابات میں بیرسٹر افتخار گیلانی کامیابی حاصل نہ کر سکے جس کے بعد وہ قانون ساز اسمبلی سے باہر ہوگئے بعد میں مسلم لیگ (ن) نے انہیں ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست کے لیے امیدوار نامزد کیا۔

24 اگست 2026 کو ہونے والے انتخاب میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے 26 ووٹ حاصل کرکے ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر کامیابی حاصل کی۔

ٹیکنوکریٹ نشست پر کامیابی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے انہیں وزیراعظم آزاد کشمیر کے منصب کے لیے نامزد کیا، انہوں نے 30 ووٹ حاصل کرکے پیپلزپارٹی کے امیدوار مختار عباسی کو شکست دی۔

Scroll to Top